اسلامی جمہوریہ ایران کے ملٹری چیف آف اسٹاف محمد باقری نے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے ملٹری چیف آف اسٹاف محمد باقری نے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملٹری چیف نے ایک اعلی سطحی کمیٹی کو حادثے کی وجہ کی تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ ڈپٹی کوآرڈی نیٹر آف جنرل اسٹاف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جو حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر اتوار کو ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کی تصدیق پیر کے روزایرانی حکام کی جانب سے کی گئی۔