بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹی چینل اسٹار اسپورٹس پر برس پڑے جس کی وجہ ان کی ذاتی گفتگو کی ویڈیو کو نشر کرنا تھا۔
اسٹار اسپورٹس نے گزشتہ دنوں آئی پی ایل 2024 کی فرنچائز ممبئی انڈینز کے بیٹر روہت شرما کی اسٹیڈیم میں ذاتی بات چیت کی ویڈیو ریکارڈ کرکے اس کو نشر کر دیا تھا جس پر بھارتی کپتان بھڑک اٹھے اور ٹی وی چینل کو کھری کھری سنا دیں۔
روہت شرما جو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اسسٹنٹ کوچ ابھیشیک نائر کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ اس کو اسٹار اسپورٹس کے کیمرا مین نے ریکارڈ کر کے نشر کر دی جو وائرل ہو گئی۔
روہت شرما نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایک پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’کرکٹرز کی زندگی میں مداخلت اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ کیمرے اب ایک ایک چیز اور ہماری دوستوں اور کولیگز کے ساتھ ٹریننگ یا میچ کے دن ہونے والی گفگتو کو بھی ریکارڈ کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ منع کرنے کے باوجود اسٹار اسپورٹس نے میری گفتگو ریکارڈ کی اور پھر اس کو آن ایئر بھی کیا جو نجی زندگی میں مداخلت اور پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے۔ منفرد مواد اور ویوز کو لینے کی یہ کوشش فینز، کرکٹرز اور کرکٹ کے درمیان اعتماد کو ختم کر دے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل روہت شرما کی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ساتھی کرکٹر دھول کلکرنی کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے کہ اسٹار اسپورٹس کے کیمرہ مین نے کیمرے کا رخ ان کی جانب کیا جس پر شرما نے کہا تھا کہ بھائی آڈیو بند کر دو۔ ایک آڈیو نے میرے لیے پہلے ہی مشکل پیدا کر دی ہے۔