نئے اعدادوشمار کے مطابق دبئی میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے والی بھارتی کمپنیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پاکستانی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دبئی چیمبر آف کامرس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ 2024 کی پہلی ششماہی میں 7 ہزار 860 ہندوستانی کمپنیاں دبئی چیمبر میں رجسٹرڈ ہوئیں۔ یہ اعدادوشمار پچھلے سال کے مقابلے میں 1.5 فیصد زیادہ ہے۔
دوسری طرف پاکستانی کی نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 1.2 فیصد کمی آئی ریکارڈ کی گئی۔ رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 3,968 پاکستانی کمپنیاں دبئی میں رجسٹرڈ ہوئیں۔ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 4,018 پاکستانی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی تھیں۔
اس حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ استحکام اور ترقی کے خواہاں بھارتی اور پاکستانی کاروباری افراد کے لیے دبئی ایک بے مثال مقام بن چکا ہے۔
خیال رہے کہ دبئی فی الحال اپنے معاشی ویژن (D33) پر تیزی سے عمل کررہا ہے جس کا مقصد دبئی کی معیشت کو دوگنا کرنا ہے۔ توقع ہے کہ دبئی کی ان پالیسیز کی وجہ سے آئندہ سالوں میں مزید بھارتی اور پاکستانی کمپنیاں دبئی میں کاروبار کا آغاز کریں گی۔