سری لنکا کی ویمنز ٹیم نے وہ بڑا کارنامہ انجام دے دیا جو آج تک دنیائے کرکٹ کی کوئی بھی خواتین ٹیم انجام نہیں دے سکی ہے۔
سری لنکا کی ویمنز کرکٹ ٹیم ون ڈے میں 300 سے زائد رنز کا ہدف عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ یہ تاریخ کارنامہ اس نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں انجام دیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 301 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 302 رنز کا ہدف دیا لیکن پہاڑ جیسا یہ ہدف سری لنکن بیٹرز نے اپنی لاجواب کارکردگی کی بدولت رائی بنا کر رکھ دیا اور 33 گیندوں پہلے ہی ہدف حاصل کر کے میچ جیت لیا۔
آئی لینڈر کی ویمنز ٹیم نے 301 رنز کے جواب میں 44.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے اور یہ ویمنز ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب ہے۔
میچ کی خاص بات سری لنکن قائد چمری اتاپتو کی کیپٹن اننگ تھی۔ وہ 195 رنز بناکر نا قابل شکست رہیں، چمری اتاپتو کا اسکور ویمنز ون ڈے میں دوسری اننگز کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔