ہربھجن سنگھ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف کامیاب ہدف کے تعاقب میں سنچری جڑنے والے انگلش پلیئر جوز بٹلر کو کھل کر سراہا ہے۔ سابق آف اسپنر نے کہا ہے کہ اگر اسی طرح ہدف کے تعاقب میں ویرات کوہلی یا مہندرا سنگھ دھونی سنچری بناتے تو ان کی بہت واہ واہ ہوتی۔
انھوں نے کہا کہ اگر ویرات کوہلی نے یہ سنچری اسکور کی ہوتی تو ہم دو مہینے تک ان کی تعریفیں کرتے نہ تھکتے، جس طرح ہم نے آخری میچ میں ایم ایس دھونی کے لگائے چار چھکوں کی بات کی، ہمیں اسی طرح جوز بٹلر کو بھی عزت دینی چاہیے کیوں وہ بھی لیجنڈز میں سے ایک ہیں۔
ہربھجن نے کہا کہ وہ ایک خاص اور مختلف سطح کے کھلاڑی ہیں۔ جوز بٹلر نے یہ پہلی بار نہیں کیا ہے وہ پہلے بھی کئی بار ایسا کر چکے ہیں
انھوں نے کہا کہ بٹلر ایک ناقابل یقین کھلاڑی ہیں ہم ان کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتے کیونکہ وہ بھارتی کھلاڑی نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ جوز بٹلر نے آئی پی ایل میں اپنی ٹیم راجھستان رائلز کی جانب سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ون مین شو کا مظاہرہ کیا تھا اور اکیلے ہی راجستھان رائلز کو فتح دلائی تھی۔
انگلش پلیئر نے 107 ناٹ آؤٹ رنز اسکور کرتے ہوئے میچ کی آخری گیند پر کے کے آر سے جیت چھین لی تھی۔