آئی پی ایل میں سنیل نارائن کی شاندار فارم سے ان کی رواں سال جون میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شمولیت کی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے دنیائے کرکٹ کی تمام ٹیمیں بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔ ان دنوں بھارت میں جاری آئی پی ایل میں ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر سنیل نارائن کی شاندار پرفارمنس کی گونج ہے جس کے ساتھ ہی ان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے جانے کے حوالے سے بھی آوازیں سنائی دینے لگی ہیں۔
سنیل نارائن جنہوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے بھارت کے خلاف 2019 میں کھیلا گیا ان کا میچ انٹرنیشنل کرکٹ میں آخری میچ تھا۔ تاہم ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور لیگز میں اپنی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ رواں آئی پی ایل میں وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بلے اور گیند دونوں سے شاندار کھیل پیش کر رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں انہوں نے 46 کی بیٹنگ اوسط اور 187.76 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 276 رنز بانئے ہیں جن میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بھی شامل ہے جب کہ 7 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔
سنیل نے راجھستان رائلز کے خلاف میچ میں اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری بھی اسکور کی، دو وکٹیں لینے کے ساتھ ایک شاندار کیچ بھی پکڑا، تاہم اس کے باوجود کولکتہ کو اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
راجھستان رائلز کی جیت میں اہم کردار سنیل نارائن کے ہم وطن روومین پاؤل نے ادا کیا جنہوں نے آخری لمحات مٰں 13 گیندوں پر برق رفتار 26 رنز بنائے۔ اس جیت کے بعد پریس کانفرنس میں ان سے ہم وطن کھلاڑی سنیل نارائن کی شاندار فارم اور ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں ممکنہ واپسی سے متعلق سوال کیا گیا۔
پاول نے کہا کہ اس کا انحصار سنیل نارائن کے اپنے فیصلے پر ہوگا کہ وہ اس بارے میں کیا سوچ رہے ہیں اور مستقبل کے بارے میں کیا ارادے رکھتے ہیں، لیکن گزشتہ ایک سال میں جن لوگوں نے بھی انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا مشورہ دیا سنیل نے اس کو بلاک کر دیا۔
اسٹار بلے باز نے دعویٰ کیا کہ میں بھی ان کو انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے مشورہ دے رہا ہوں اور میں نے نارائن کے دوست کیرون پولارڈ، نکولس پوران اور ڈیون براوو سے بھی کہا ہے کہ وہ ان سے بات کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم منتخب کرنے سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سنیل نارائن سے رابطہ کرے گا جب کہ ان کے دوست بھی انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے راضی کر لیں گے۔