پاکستان کرکٹ ٹیم وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے قومی کپتان بابر اعظم سے متعلق ورلڈ کپ میں اپنا مخصوص پلان بتا دیا ہے۔
ایک کرکٹ ویب سائٹ انٹرویو میں گیری کرسٹن نے بابر اعظم کی غیر معمولی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بابر کو غیر ضروری دباؤ سے نجات دلانے اور اسے بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی فطری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے قابل بنانا ان کے پلان کا حصہ ہے۔
وائٹ بال کوچ نے بابر اعظم پر ہونے والی منفی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے قومی کپتان کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بابر کے ساتھ رابطے میں رہا ہوں۔ اس نے ایک کرکٹر کے طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس طرح سے اس ٹیم کا بہت زیادہ وزن اپنے کندھوں پر ہے۔
گیری کرسٹن نے کہا کہ قیادت کے بوجھ کے باوجود بھی وہ اپنی کھیل میں اپنی فطری صلاحیتوں کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم نے آئرلینڈ کے خلاف آخری میچ میں ان کی بیٹنگ دیکھی جو بلاشبہ ان کی ایک شاندار اننگ تھی اور ان سے آگے بھی ایسی ہی کئی زبردست اننگز کھیلنے کی امید ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہیں ہر وقت ٹیم میں اپنا حصہ ڈالنا پڑتا ہے لیکن میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ ٹیم میں لڑکوں کا ایسا گروپ بھی ہے جو آگے بڑھ سکتے ہیں میچ جیتنے میں اپنا اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں، بالخصوص ٹی 20 کرکٹ میں۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم بحیثیت کپتان ٹیم میں واپسی پر خوش ہے اور میں بطور کوچ ان کے ساتھ بہتر کام کے لیے کوشاں ہوں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے حال ہی میں آئرلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو ایک سے شکست دی ہے جب کہ اب وہ 4 میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ پہنچ چکی ہے۔