0

غزہ پر حملے بند کرو، دنیا یک آواز ہو گئی، ملک ملک احتجاج

غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ حملے روکنے کے لیے دنیا یک آواز ہوگئی امریکا برطانیہ یورپ مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ملکوں میں مظاہرے کیے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ گزشتہ 9 روز کے دوران فضائی حملوں میں 2500 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ نو ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہدا اور زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

اسرائیل جارحیت کے خلاف دنیا بھی یک زبان ہوکر غاصب فوج سے غزہ پر فضائی حملے روکنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ گزشتہ روز امریکا، برطانیہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

امریکا میں وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہر رنگ ونسل کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے امریکا سے غزہ پر اسرائیلی بمباری رکوانے کا مطالبہ کیا۔

ترکیہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم بھی فلسطین کی حمایت میں نعروں سے گونج اٹھا۔ لندن میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکلے۔۔ ٹریفلگراسکوائر پر پولیس نے مظاہرین کو روکنے کیلئے شیلنگ کی۔

پیرس میں بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا جہاں پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ جنوبی افریقا کے صدر بھی فلسطین کی حمایت میں نکل آئے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply