قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے خلاف میچ کو بی سی سی آئی کا ہوم ایونٹ قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا ہے کہ آج کا میچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ نہیں بلکہ بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کا ہوم ایونٹ لگا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا میچ آئی سی سی ایونٹ نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ہوم ایونٹ لگا، پاکستان کیلئے نعرے کم ہی لگائے گئے۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ بھارت کی اچھی ٹیم ہے اور ہم اس ٹیم کے ساتھ فائنل کھیلنے کیلئے پر امید ہیں، شاداب اور نواز کو اعتماد دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ آج ہم نے اچھا نہیں کھیلا، 155 سے 191 پر آؤٹ ہوجانا مناسب نہیں، یہ ایک بڑا میچ تھا، ہم اس وکٹ پر اچھا کرسکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اچھی بولنگ کی، ہم جوابی پریشر ڈال سکتے تھے لیکن آج ہم “پاکستان وے” کے مطابق نہیں کھیل سکے، 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں ہم نے بھارت کو ہرایا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ پلیئرز ہر میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں، آج آف کلر تھے، ہم ہر میچ جیتنے کیلئے میدان میں اترتے ہیں، ماضی کے ریکارڈز صرف میڈیا پر چلتے ہیں، یہ لمبا ورلڈ کپ ہے، ہم تین میں سے دو میچ جیتے ہیں، کوئی پینک نہیں کریں گے، تحمل کے ساتھ اگلے میچ پر فوکس کریں گے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔