سنگاپور میں پولیس نے طیارے کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والے آسٹریلوی باشندے کو حراست میں لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور پولیس نے آسٹریلوی شہری کو اس وقت گرفتار کیا جب جمعرات کے روز بجٹ اسکوٹ ایئرلائن کی ایک پرواز کو بم کی دھمکی کی وجہ سے شہر کے چنگی ہوائی اڈے پر واپس لے جایا گیا۔
پرواز ٹی آر 16، جو بجٹ کیریئر اسکوٹ کے ذریعہ چلائی گئی تھی، شام 4:11 بجے سنگاپور سے روانہ ہوئی اسے سنگاپور کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے اتارا گیا۔
سنگاپور ایئر لائنز کی بجٹ اسکوٹ نے ایک بیان میں کہا کہ پرواز کے تقریباً ایک گھنٹے بعد بم کی دھمکی کے باعث طیارے کو واپس سنگاپور بھیجنے کا احتیاطی فیصلہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریپبلک آف سنگاپور ائرفورس (آر ایس اے ایف) طیارے کو واپس چنگی ہوائی اڈے تک لے جانے کے لیے روانہ ہوئی اور ایمرجنسی سروسز کو بھی فعال کردیا گیا۔