0

یو این سیکریٹری جنرل نے فلسطینیوں کے انخلا کا الٹی میٹم تشویشناک قرار دیدیا

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں محاصرہ جاری ہے، 10 لاکھ لوگوں کوایسی جگہ منتقل کرنا جہاں خوراک، پانی یا رہائش نہیں انتہائی خطرناک ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ خالی کرنے کے الٹی میٹم پرنظر ثانی کرے، عالمی انسانی قانون کے قوانین کا احترام کرناچاہیے، ہر جنگ کے اصول ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے ایندھن، بجلی، پانی اور خوراک سے بھی محروم ہیں، انخلا کا حکم کم ازکم 11 لاکھ فلسطینیوں پر لاگو ہوگا، متاثرہ علاقے پہلے ہی اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہیں۔

یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے پہلے ہی اسرائیلی بمباری سے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انخلا کے اسرائیلی حکم کا نفاذ ہزاروں بچوں پر بھی ہوگا، غزہ کی تقریبا آدھی آبادی 18 سال سے کم عمر افراد پرمشتمل ہے اور غزہ کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد مقامات میں ہوتا ہے۔

یو این سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ سے زائد لوگ اقوام متحدہ کے تحت پناہ گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں، لوگوں کو اسکولوں، ہیلتھ سینٹرز اور کلینکس میں بھی رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے بعد اب ایک یورپی یونین کے رکن ملک ناروے نے بھی اسرائیل کی طرف سے غزہ کے محاصرے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

ناروے کی وزیر خارجہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اسرائیل کو اپنے دفاع کاحق حاصل ہے مگر اسے یہ حق نہیں کہ اپنے دفاع کے نام پر جو چاہے کرے۔

انہوں نے کہا کہ میں غزہ کے غیر انسانی محاصرے کی مذمت کرتی ہوں، غزہ کے لوگوں کو خوراک اور ادویات تک کی فراہمی ناممکن ہوگئی ہے۔ سکنڈے نیوین ملک نے حماس کے اسرائیل پر حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply