کراچی (این این آئی)پاکستانی اداکارہ نادیہ خان نے سینئر اداکار بہروز سبزواری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خواتین کے کپڑوں پر بڑی نظر ہوتی ہے کہ وہ چست ہیں یا ڈھیلے۔بہروز سبزواری نے کچھ عرصہ قبل اداکارہ نادیہ خان کو عجیب خاتون کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔نادیہ خان اداکارہ مرینہ خان اور روبینہ اشرف کے ہمراہ ایک نجی چینل کے شو میں ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈراموں کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئیاپنے خیالات کا اظہار کرتی ہیں۔
ڈراموں پر کی گئی تنقید پر بہروز سبزواری نے نادیہ خان سے متعلق کہا تھا کہ ‘اس شو میں ایک عجیب خاتون ہیں، نادیہ خان، جو نامور مارننگ شو اینکر تھیں، وہ اپنے مارننگ شو میں بھی مہمانوں کی بے عزتی کرتی تھیں۔ نادیہ خان نے بہروز سبزواری کے حالیہ بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پر تنقید کی ہے اس حوالے سے نادیہ کا نجی میڈیا شو سے لیا گیا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے۔وائرل ویڈیو کلپ میں نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ‘ مجھے بہروز سبزواری کے عورتوں پر بات کرنیسے پرابلم ہے، حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کے دوران انہوں نے اپنی سابقہ بہو کے بارے میں بات کی جو کہ لوگوں کو پسند نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ ‘بہروز سبزواری کبھی میرے تو کبھی کسی اور عورت کی بات کرتے ہیں، وہ خاص طور پر عورتوں کے کپڑوں کے بارے میں بات کرتے ہیں، بہروز سبزواری کی نظرخواتین کے کپڑوں پر بہت ہوتی ہے کہ ان کے کپڑے چست ہیں یا ڈھیلے، اس پر مجھے بڑی آگ لگتی ہے، انہیں مشہور ہونے کا کوئی اور طریقہ سمجھ نہیں آتا تو انہوں نے پوڈکاسٹ میں ایسی بات کی جس سے ان کو لوگوں کی توجہ حاصل ہوگئی۔ نادیہ خان نے مزید کہا کہ بہروز سبزواری کو دوسروں سے خاص طور پر عورتوں سے متعلق کوئی بھی بات دیکھ کر کرنی چاہیے کیوں کہ یہ انہیں مہنگا پڑسکتا ہے۔