رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کوئی افریقی ٹیم نہیں ہے کہ اسکے میچز کی ایسی کوریج کی جائے، اس طرح کی کوریج کی وجہ سے یہ سیریز انگلینڈ میں نشر نہیں ہورہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کے ساتھ یہ صورتحال ہوتی تو بی سی سی آئی کبھی ایسی کوریج کی اجازت نہ دیتا۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کوریج سے ہماری کرکٹ بے کار نظر آرہی ہے جو کہ ناانصافی ہے۔ آپ کی عزت آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔
سیریز کی کوریج کے حوالے سے انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جیسی ٹیم کے میچز میں ڈی آر ایس اور ری پلے کا نہ ہونا ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ایکشن کو درست طریقے سے فالو نہیں کر پا رہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے کوئی کلب کا میچ ٹیلی کاسٹ ہو رہا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران آپ اچھے شاٹس یا اچھی گیندوں سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے کیوں کہ وہاں صرف دو کیمرے ہیں۔
رمیز راجا کے مطابق یہ پاکستان کرکٹ پکے ساتھ انتہائی ناانصافی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس معاملے کو دیکھنا چاہیے تھا۔
انھوں نے کہا کہ ایسی کوریج پر براڈ کاسٹنگ کمپنی سے نشریاتی حقوق واپس لے لینے چاہیے تھے جبکہ اس سیریز کے لیے کوریج کو بہت بہتر ہونا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم آئرلینڈ کے دورے پر ہے جہاں تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ آئرلینڈ نے اسے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔