کراچی : پولیس کانسٹیبل نے اپنے محکمے اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کردیا، مجتبیٰ حسن کا نام گنیز بک میں گزشتہ 6 سال سے بر قرار ہے۔
ایڈشنل آئی جی کراچی کے دفتر میں تعینات پولیس کانسٹیبل مجتبیٰ حسن نے نن چکو چلانے کے مقابلے میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دے دی۔
مجتبیٰ حسن نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا یہ اعزاز گزشتہ چھ سال سے برقرار رکھا ہوا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے نذیر شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ حسن نے بتایا کہ میں نے پہلی مرتبہ سال2018 میں ایک منٹ میں سب سے زیادہ اخروٹ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے امریکا کے ایک کھلاڑی کا ریکارڈ توڑا تھا لیکن بعد ازاں وہ ریکارڈ بھارت کے پاس چلا گیا اور اب میں نے اس کے جواب میں ایک منٹ میں 118 اخروٹ توڑ کر وہ ریکارڈ واپس لے لیا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس کانسٹیبل مجتبیٰ حسن نے نن چکو چلانے کے مقابلے میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر ایک بار پھر ریکارڈ قائم کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ میں مزید ریکارڈز قائم کرکے اپنے محکمے اور ملک کا نام دنیا بھر میں مزید روشن کرنا چاہتا ہوں۔