سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ صالح بن نصیر الجاسر نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اڑنے والی مسافر گاڑیوں یا فلائنگ ٹیکسیوں کی آزمائش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حج کے دوران اڑنے والی گاڑیوں کی آزمائش کی جائے گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد حج عازمین کو مکہ مکرمہ کے سفر میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس مقصد کے لیے سعودی حکومت اور وولو کاپٹر نامی کمپنی کے درمیان شراکت داری کی گئی ہے۔ جرمن کمپنی وولو کاپٹر کی عمودی ٹیک آف اور لینڈ کرنے والی گاڑیاں جدہ کے کنگ عبد العزیز ایئر پورٹ سے عازمین کو مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں تک پہنچانے کا کام کریں گی۔
اڑنے والی گاڑیاں ایمرجنسی ریسپانس وہیکلز کے طور پر بھی کام کریں گی۔ ایئر ٹیکسیاں روایتی ہیلی کاپٹرز سے مختلف ہوتی ہیں اور انہیں اخراجات میں کمی لانے والا بہترین حل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
رپورٹس کے مطابق یہ اڑنے والی گاڑیاں اپنی آزمائشی پروازیں شمال مغرب میں واقع سعودی منصوبے نیوم میں مکمل کریں گی ۔سعودی وزیر کی جانب سے اس منصوبے کی تصدیق کی گئی ہے مگر یہ واضح نہیں کہ اس سال کتنے عازمین حج کو ان گاڑیوں کی آزمائشی پروازوں میں سفر کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ ماحول دوست سواریاں حج آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ فی الحال دیگر شعبوں میں ان کے استعمال کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔