0

ایران حملہ

ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر 200 سے زائد ڈرون اور کروز میزائل سے حملہ کر دیا، اسرائیل نے امریکا اور اردن کی مدد سے متعدد ایرانی میزائل مار گرائے۔

ایران کے پاسداران انقلاب نےکہا ہے کہ اس نے درجنوں ڈرون اور میزائل لانچ کرکے اسرائیل کے مخصوص مقامات کو نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر وسیع پیمانے پر ڈرون حملے کیے ہیں، دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 200 سے زائد ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، گولان کی پہاڑیاں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانے ایران کے حملوں کا نشانہ بنے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اسرائیل میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، اسرائیلی اڈوں کو خیبر میزائلوں سے ٹارگٹ کیا گیا۔

ادھر ایران کے وزیر دفاع نے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ  جو بھی ڈرون کو روکنے کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل پر فوجی کارروائی دمشق میں ایرانی سفارتی احاطے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں کی گئی، معاملہ اب ختم سمجھا جا سکتا ہے۔ اگر اسرائیلی حکومت نے کوئی اور غلطی کی تو ایران کا ردعمل کافی زیادہ سخت ہو گا۔

ایرانی مشن نے کہا کہ یہ ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع ہے، امریکا کو اس سے دور رہنا چاہیے۔

ادھر اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ ایرانی ڈرونز سے جنوبی اسرائیل میں فوجی اڈے کو نقصان پہنچا، اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے میں ایک لڑکی زخمی ہوئی، خطرات ابھی ٹلے نہیں ، فورسزخطرات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں خوف کی فضا ہے ، تمام اسکولز اور تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply