میٹا کی زیرملکیت پیغامات بھیجنے والی ایپلیکیشن واٹس ایپ پر جو نمبر آپ کے موبائل یا ای میل میں محفوظ نہ ہو اس پر فوری پیغام بھیجنا کافی مشکل ہوتا ہے اور بعض لوگ تو کوششوں کے بعد بھی غیرمحفوظ نمبر پر کوئی میسج نہیں بھیج پاتے۔
واٹس ایپ پر اگر نمبر محفوظ ہو تو کسی شخص کو میسج بھیجنا آسان ہوتا ہے۔ تاہم دنیا بھر میں لوگوں کے رابطے کے اس اہم ذریعے کے تحت بنا نمبر محفوظ کیے بھی پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔
مندرجہ ذیل تین طریقہ کار کو اپناتے ہوئے آپ مطلوبہ واٹس ایپ نمبر کو محفوظ کیے بغیر ہی اس پر پیغام ارسال کرسکتے ہیں۔
مطلوبہ نمبر خود کو ارسال کریں
اگر نمبر محفوظ نہ ہو اور آپ اس پر پیغام بھیجنا چاہتے ہیں تو مطلوبہ نمبر کو کاپی کریں اور اسے ’چیٹ وتھ یورسیلف‘ میں جاکر اپنے آپ کو بھیج دیں۔ جب نمبر کا رنگ نیلا ہوجائے تو اس پر کلک کریں اور ’چیٹ وتھ‘ کا آپشن منتخب کریں۔ اب ایک نئی چیٹ کھل جائے گی اور آپ اس نمبر پر آسانی کے ساتھ میسج بھیج پائیں گے۔
گروپ چیٹ کے ذریعے پیغام بھیجیں
کسی غیرمحفوظ نمبر پر گروپ چیٹ کے ذریعے بھی پیغام بھیجنا ممکن ہے۔ فون نمبر محفوظ کیے بغیر واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے کا یہ دوسرا طریقہ کار ہے۔ پہلے آپ واٹس ایپ کا وہ گروپ کھولیں جہاں وہ شخص بھی ممبر ہو جس کو آپ میسج کرنا چاہتے ہیں۔
مذکورہ شخص کے نمبر پر کلک کریں اور ’میسج‘ کا آپشن منتخب کریں، جس کے بعد ایک چیٹ ونڈو خود بخود کھل جائے گی جہاں سے آپ باآسانی اس شخص کو اپنا پیغام بھیج سکتے ہیں۔
واٹس ایپ لنک
ایک اور طریقہ کار واٹس ایپ لنک بنانا ہے جوکہ wa.me لنک کے نام سے جانا جاتا ہے، آپ ویب براؤزر میں https://wa.me/yourPhoneNumber ٹائپ کرکے لنک بنا سکتے ہیں۔
اب آپ نے کرنا یہ ہے کہ اس میں ’یور فون نمبر‘ کی جگہ وہ نمبر لکھ دیں جس پر آپ پیغام بھیجنا چاہتے ہیں جبکہ نمبر کے ہمراہ ملک کا کوڈ بھی شامل کریں۔ یہ کرنے کے بعد لنک پر کلک کریں اور ’کانٹینیو ٹو چیٹ‘ آپشن کا انتخاب کریں، اس عمل کے ذریعے بھی آپ نمبر محفوظ کیے بنا میسج بھیج سکتے ہیں۔