0

آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا، چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی ڈبلن پہنچ گئے اور پہلے میچ میں آئرلینڈ سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا۔

چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے دو گھنٹے کی ملاقات میں اگلے میچز میں حکمت عملی پر مشاورت کی اور ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈ کپ ہے لیکن آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا۔ کھلاڑی آخری بال تک فائٹ کریں مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ مختلف اور جارحانہ اپروچ کی حامل ہے جس میں جدید اور نئے انداز کے مطابق کھیل کر ہی جیت ممکن ہوگی۔ کمرے میں حکمت عملی تو ترتیب دی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت، پروفیشنل اور بہترین ہیں جب کہ قومی ٹیم کا بولنگ اٹیک بھی شاندار ہے۔ فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مخالف ٹیم کو کوئی چانس نہ مل سکے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور انہیں کھلاڑیوں سے امیدیں ہیںا۔ کھلاڑیوں کو بھی قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ فتح کیلیے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے۔ 11 کھلاڑی ایک ہو کر پاکستان کیلیے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔

واضح رہے کہ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان آئرلینڈ نے پاکستان کو اپ سیٹ شکست سے دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ یہ گرین شرٹس کی ٹی ٹوئنٹی میں آئرش ٹیم کے خلاف پہلی شکست ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply