معروف کمنٹیٹر بازید خان پاکستان کی ورلڈ کپ میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست کی صورت حال بیان کردی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں میزبان نجیب الحسنین نے کمنٹیٹر بازید خان سے سوال کیا کہ جب پاکستانی ٹیم ہار رہی ہوتی ہے تو ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے جب آپ براہ راست مناظر دیکھ رہے ہیں اور دنیا کو بھی بتا رہے ہیں اس وقت آپ کے تاثرات کیا ہوتے ہیں، ہم نے ون ڈے ورلڈ کپ میں زمبابوے کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر آپ کا ویڈیو کلپ دیکھا ہے اس سے متعلق بتائیں۔
بازید خان نے بتایا کہ میرے خیال سے دو رن رہ گئے تھے شاہین آفریدی کو بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا تھا میرے دماغ میں یہی چل رہا تھا کہ یہ تو خود فٹ نہیں ہے اور اگر دو رن بھاگنے پڑ گئے تو کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگلی گیند پر یہی ہوا وہ رن آؤٹ ہوگیا اور ہم ہار گئے۔
بازید خان نے کہا کہ میرے دماغ میں وہی فلم چل رہی تھی جو سامنے آگئی، اس وجہ سے میرے جذبات ایسے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ بطور کمنٹیٹر آپ کو نیوٹرل رہنا ہے لیکن ایسا ممکن نہیں ہے اگر آپ کے جذبات آواز میں آجائیں یا پاکستان کی شکست پر افسردہ ہیں تو کوئی مضائقہ نہیں ہے۔
کمنٹیٹر نے کہا کہ جیسے آسٹریلیا میں پاکستان اور بھارت کا ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ تھا اس میں جذبات کو قابو میں رکھنا ہوتا ہے کیونکہ گھر بیٹھ کر میچ دیکھنے اور کمنٹری کرنے میں کافی فرق ہوتا ہے لیکن عام طور پر مجھ میں یہ صلاحیت ہے کہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھتا ہوں۔