برطانیہ کے قصبے بورن ماؤتھ میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک جوڑے نے اپنے دوست کا سرقلم کرکے اس کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے۔ 49 سالہ بینجمن اٹکنز اور 39 سالہ ڈیبی پریرا پر یہ قبیح حرکت کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جس پر انھیں مقدمے کا سامنا ہے۔
عدالت میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ اپنے دوست کو بے دردی سے قتل کرنے والے شخص نے اپنی گرل فرینڈ سے کہا کہ وہ ’بار بار یہ حرکت کرےگا‘۔ بینجمن اٹکنز نے ڈیبی پریرا کو بتایا کہ اگر وہ رہا ہو جاتا ہے تو وہ ’لوگوں کو مار ڈالے گا، سر قلم کر دے گا اور کھا جائے گا‘۔
بورن ماؤتھ، ڈورسیٹ سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے پر سائمن شاٹن نامی شخص کے قتل کا مقدمہ چل رہا ہے۔اگست 2023 میں بوسکومبی سی فرنٹ پر 48 سالہ شخص کی ٹانگیں بوسیدہ حالت میں ملی تھیں۔
اٹکنز پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنی ساتھی کو اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا تھا کہ اگر اس نے اپنے وکیل کے سامنے اعتراف کرلیا کیا کہ اس نے سائمن کا سر پکایا اور اس کے گالوں کو کھایا، تو کیا اسے پھانسی ہوجائے گی۔
دونوں ملزمان شاٹن کے قتل سے انکاری ہیں۔ تاہم اٹکنز اور پریرا پر ایک لاش کی قانونی تدفین کو روکنے اور انصاف کے راستے کو خراب کرنے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔
عدالت میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مقتول شخص کو ستمبر 2022 میں ایپسوچ کے علاقے میں منشیات کی فراہمی کے جرم میں سزا کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ جب پولیس نے مدعا علیہان کے گھر کے پتے پر چھاپہ مارا تو اٹکنز کو وہیل بیرو کے پیچھے باغ میں چھپا ہوا دیکھا گیا۔
باغ کی مزید تلاشی کے بعد شاٹن کے کٹے ہوئے بازوؤں پر مشتمل دو کالے تھیلے بھی برآمد ہوئے۔ پریرا نے کہا کہ اسے شاٹن کی موت کا نہیں ہتا لیکن یہ ضرور ہے کہ وہ ان کے باغ میں ایک خیمے میں ٹھہرے تھے۔
پولیس کو جوڑے کی ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی ملی ہے جس میں مبینہ طور پر دونوں ملزمان مقتول کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے اور اسے چھپانے کے بارے میں بات کررہے ہیں، مقدمے کی سماعت جاری ہے۔