ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی تاہم اس میچ میں کچھ دلچسپ اتفاقات نے شائقین کرکٹ کی توجہ مبذول کرا لی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا 9 جون کو ہونیوالا پاک بھارت ٹاکرا ایسا مقابلہ رہا جو انتہائی لو اسکورنگ تھا اور پاکستان نے یہ جیتا ہوا میچ خود طشتری میں رکھ کر بھارت کو پیش کیا۔ اس میچ کے بعد جہاں قومی ٹیم تنقید کی زد میں ہے وہیں اس میچ میں کچھ ہونے والے اتفاقات نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا۔
پاک بھارت ٹاکرے میں تین ہندسوں 3، 13 اور 19 کو اہمیت حاصل رہی اور پورا میچ ان ہی ہندسوں کے اطراف گھومتا رہا۔
پاکستان کی جانب سے تین ابتدائی بلے بازوں بابر اعظم، عثمان خان، فخر زمان نے 13، 13 رنز اسکور کیے تو اس سے قبل بھارتی اننگ میں کپتان روہت شرما بھی اسی انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے تھے۔
میچ میں تین بولرز نے تین، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین تین بھارتی کرکٹرز کو پویلین واپس بھیجا اور جب پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو بھارتی پیسر جسپرت بمراہ نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ کے دوران تین بلے باز اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ بھارت کے جسپرت بمراہ اور رویندر جڈیجہ گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ پاکستانی بیٹنگ میں کوئی بلے باز صفر پر تو آؤٹ نہ ہوا لیکن شاہین شاہ آفریدی جب بیٹنگ کے لیے آئے تو ایک ہی گیند کھیلنے کو ملی اور وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔
پاک بھارت ٹاکرے میں 19 نمبر کا بھی انتہائی اہم کردار رہا۔ پہلے پاکستان نے 19 ویں اوور پوری بھارتی ٹیم کو 119 رنز پر ڈھیر کیا۔ جواب میں پاکستان نے پورے 20 اوورز تو کھیلے مگر کھیل پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق پاکستان میچ 19 ویں اوور میں ہارا۔
جب بمراہ 19 ویں اوور میں اوور کرنے آئے تو پاکستان کو 21 رنز درکار تھے۔ اس وقت عماد وسیم اور افتخار احمد کریز پر تھے۔ افتخار احمد 19ویں اوور کی آخری گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
واضح رہے کہ پاکستان آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا انتہائی اہم میچ کینیڈا کے خلاف کھیل رہا ہے۔ گرین شرٹس کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے پہلے اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے ساتھ امریکا کی اگلے دونوں میچوں میں شکست کا منتظر بھی رہنا ہوگا۔