گزشتہ روز امریکا کے خلاف میچ کی آخری بال پر چوکا کھانے کے بعد بابر اعظم نے حارث رؤف پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا، یہ میچ کا انتہائی اہم لمحہ تھا کیونکہ امریکا کو آخری گیند پر پانچ رنز درکار تھے۔
حارث رؤف نے امریکی بلے باز نتیش کمار کو آخری بال یارکر بال کرانے کی کوشش کی، مگر بدقسمتی سے بال یارکر بننے کے بجائے فل ٹاس چلی گئی، جس پر امریکا کو چار رنز مل گئے اور میچ برابر ہوگیا۔
یہ ساری صورتحال دیکھ کر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر برہمی کا اظہار کیا، میچ سپر اوور میں جانے کے بعد محمد عامر نے اپنے اوور میں 18رنز دیئے۔ جبکہ پاکستانی ٹیم صرف 13رنز بنا سکی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پچ میں تھوڑی نمی تھی لیکن یہ بہانہ نہیں ہم پروفیشنل کھلاڑی ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ پہلے چھ اوور میں وکٹیں نہ لے سکے جس سے نقصان ہوا، ٹورنامنٹ ابھی باقی ہے، آئندہ میچوں میں اچھا کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اچھا نہیں کھیلے لیکن ٹورنامنٹ میں کم بیک کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دی، قومی ٹیم 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بناسکی۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوور میں 159 رنز بنا کر امریکا کو 160 رنز کا ہدف دیا تھا امریکا نے آخری گیند پر میچ ٹائی کردیا تھا۔