اے آر وائی نیوز کے پروگرام ”ہر لمحہ پر جوش“ میں میزبان وسیم بادامی کے سوال پر باسط علی نے کہا کہ آج دنیا بھر سے کوچ لارہے ہیں ہمارے کھلاڑی کہاں گئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سے جیت نہ سکے، انڈیا سے کیسے جیتو گے؟
انہوں نے کہا کہ 2009 میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی کہاں ہیں، باسط علی نے بابر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 6 اوور اچھے نہیں کھیلے تو کس نے منع کیا تھا۔
کامران اکمل نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سیاست چل رہی ہے، اپنی پسند کے کھلاڑی کھلاتے ہیں،ہمارے ملک کی کرکٹ کا سسٹم تباہ ہوچکا ہے، ٹیم میں چہرے تبدیل ہورہے ہیں لیکن پالیسی تبدیل نہیں ہورہی۔
اس سے قبل امریکا سے سپر اوور میں شکست کھانے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اب ہمارے لیے ورلڈ کپ کا سفر بہت مشکل ہوگیا۔
ڈیلاس میں امریکا سے سپر اوور میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بیٹنگ میں پہلے 6 اوورز میں اچھا پرفارم نہیں کرسکے، وکٹیں گرنے کے بعد کم بیک کیا مگر پھر کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پچ میں تھوڑی نمی تھی لیکن یہ بہانہ نہیں ہم پروفیشنل کھلاڑی ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ پہلے چھ اوور میں وکٹیں نہ لے سکے جس سے نقصان ہوا، ٹورنامنٹ ابھی باقی ہے، آئندہ میچوں میں اچھا کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اچھا نہیں کھیلے لیکن ٹورنامنٹ میں کم بیک کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دی، قومی ٹیم 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بناسکی۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوور میں 159 رنز بنا کر امریکا کو 160 رنز کا ہدف دیا تھا امریکا نے آخری گیند پر میچ ٹائی کردیا تھا۔