0

قومی ٹیم دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلیے روانہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی 20 اسکواڈ بابر اعظم کی قیادت میں براستہ دبئی دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی 20 اسکواڈ آئرلینڈ سے تین اور انگلینڈ سے چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے براستہ دبئی آئرلینڈ کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

بابر اعظم کی قیادت میں قومی اسکواڈ کو قائم مقام گورنر پنجاب محمد احمد خان نے ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔ محمد عامر ٹیم کے ہمراہ نہیں ہیں جب کہ آل راؤنڈر شاداب خان اور حسن علی آئرلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

گرین شرٹس آئرلینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ 10 مئی کو کھیلے گی۔ دوسرا میچ 12، تیسرا اور آخری میچ 14 مئی کو شیڈول ہے۔

اس دورے کی تکمیل کے بعد شاہینوں کا اگلا پڑاؤ انگلینڈ ہوگا جہاں چار ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 22 مئی سے ہوگا۔

پاکستان کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ سے پہلے میچ کے بعد 23 مئی کو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے ہو رہا ہے۔ اس میگا ایونٹ میں ریکارڈ 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں سے نصف سے زائد ٹیمیں اپنے اسکواڈ کا اعلان کر چکی ہیں۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان کے لیے 25 مئی تک کی ڈیڈ لائن دی ہوئی ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply