مکہ مکرمہ میں مناسکِ حج کا آغاز ہوگیا ہے اوردنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج منیٰ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں حجاج کرام منیٰ میں قیام کے دوران ظہر،عصر، مغرب اورعشا کی نمازیں ادا کرینگے۔
9 ذوالحج کو حجاج کرام میدان عرفات پہنچیں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا اس روز حاجی خطبہ حج سننے کے بعد ظہراورعصرکی نمازیں قصراورجمع کرکے ایک ہی وقت میں ادا کرینگے،حجاج سورج غروب ہونے تک عرفات کے میدان میں وقوف کریں گے۔
مغرب کے وقت اذان کے بعد تمام حجاج میدان عرفات سے مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اورعشا کی نمازیں جمع کرکے ادا کرینگے اور کھلے آسمان تلے رات گزاریں گےاسی رات مزدلفہ میں رمی کیلئے کنکریاں جمع کی جائیں گی۔
10 ذوالحج کو حجاج کرام مزدلفہ سے منیٰ واپس لوٹیں گے اورسب سے پہلے جمرہ عقبہ (بڑے شیطان) کو کنکریاں ماریں گے اس کے بعد قربانی کا فریضہ انجام دیا جائے گا، پھر حجاج حلق یا قصر کرا کر احرام کھول دیں گے۔









