اسرائیلی بربریت جاری ، غزہ اور لبنان پر بمباری سے مزید درجنوں شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔
جنگی طیاروں نے لبنانی کے دارالحکومت بیروت کے وسط میں قائم ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 افراد شہید ہو گئے ، 24 گھنٹوں کے دوران لبنان میں شہادتوں کی تعداد 40 ہو گئی۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے جس عمارت کو نشانہ بنایا وہ لبنانی پارلیمنٹ، وزیراعظم کی رہائش گاہ اور اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سے زیادہ دور نہیں ، حملے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے غزہ میں بھی کئی عمارتوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہید ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کے تل ابیب میں ڈرون حملوں سے شہری خوفزدہ ہو کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ بھگدڑ میں کئی افراد کچل جانے کے باعث بھی زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ سے لڑائی میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں کے دوران حزب اللہ سے جھڑپوں میں آٹھ فوجی ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔