افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے ایکس پربیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کابل کے علاقے قلعہ بختیار میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ، جس سے ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، ابھی کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں رواں سال مارچ میں جنوبی شہر قندھار میں بھی خود کش دھماکا ہوا تھا جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔