بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران بلے باز چھکا لگاتے ہی چل بسا جس کی ویڈیو مںظرعام پر آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بلے باز نے جیسے ہی چھکا لگایا تو اس کے بعد اچانک اس کی موت ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلابی جرسی میں موجود بیٹر اسٹریٹ پر زبردست چھکا لگاتا ہے۔
تاہم جیسے ہی وہ دوسری گیند کے لیے تیار ہورہا ہوتا ہے تو لڑ کھڑا کر گر جاتا ہے اس دوران ساتھی کھلاڑی خیریت دریافت کرنے کے لیے اس کے پاس پہنچتے ہیں۔
بعدازاں اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس نے کرکٹر کی موت کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت میں 11 سالہ لڑکا کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔