بھارت میں لوک سبھا انتخابات سات مرحلوں میں منعقد ہوئے، پہلے مرحلے کی پولنگ کا آغاز 19 اپریل کو ہوا جبکہ ساتویں اور آخری مرحلے کی پولنگ یکم جون کو اختتام پذیر ہوئی۔ لوک سبھا کے انتخابی نتائج کا اعلان کل 4 جون کو کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا انتخابات پر ریکارڈ 1.35 لاکھ کروڑ بھارتی روپے سے زائد خرچ ہوئے۔ اس طرح بھارتی عام انتخابات دنیا کے مہنگے ترین الیکشن بن گئے جس کی لاگت امریکا میں 2020 کے انتخابات پر آنے والی 1.2 لاکھ کروڑ بھارتی روپے سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ رواں سال الیکشن میں ایک لاکھ کروڑ بھارتی روپے یعنی 33 کھرب پاکستانی روپے خرچ ہوئے جبکہ گزشتہ عام انتخابات 2019 پر 60 ہزار کروڑ بھارتی یعنی 20 کھرب پاکستانی روپے خرچ ہوئے تھے۔
بھارتی الیکشن کمیشن نے ہر امیدوار کے لیے انتخابات پر 95 لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرنے کی حد مقرر کی تھی۔ اسی طرح صوبائی رکن اسمبلی کے امیدوار کے لیے 28 لاکھ سے لے کر 40 لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرنے کی اجازت تھی۔
دوسری طرف سینٹر آف میڈیا اسٹڈیز کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں ایک ووٹ پر 1400 بھارتی روپے یعنی 4 ہزار 672 پاکستانی روپے خرچ ہوئے۔