سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں فاسٹ بولر حسن علی کی واپسی پر برس پڑے۔
یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے حسن علی کی اسکواڈ میں واپسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی بتادے کہ کس بنیاد پر فاسٹ بولر کو لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حسن علی نے دو سال پہلے آخری ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا تھا، ٹیم میں دوستیاں نبھائی جارہی ہیں۔
باسط علی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز اور امریکا میں میگا ایونٹ ہے لیکن اسکواڈ میں 6 فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے، آغا سلمان کو پرفارمنس کی بنیاد پر شامل کیا جو بالکل درست ہے لیکن مجھے سمجھائیں کہ ان کی جگہ کس کو بٹھایا جائے گا، عثمان خان یا عرفان نیازی؟
انہوں نے موجودہ سلیکشن کمیٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں اپنے اسکواڈ میں اسپنرز شامل کررہی ہیں لیکن ہماری سلیکشن کمیٹی پارٹ ٹائمرز پر بھروسہ کررہی ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں بھی اسامہ میر نے اہم مواقعوں پر وکٹیں لے کر دیں جبکہ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں تین وکٹ کیپرز محمد رضوان، اعظم خان اور عثمان خان بھی شامل کرلیے ہیں، کس سوچ کیساتھ اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے سمجھ سے باہر ہے۔