0

اہم سنگِ میل، پاکستان کا تاریخی خلائی مشن ‘آئی کیوب قمر’ چاند پر روانہ

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں اہم سنگ میل عبور کرلیا، تاریخی خلائی مشن ‘آئی کیوب قمر’ چین کے وینچینگ خلائی سینٹر سے روانہ ہوگیا جس کے بعد پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا ہے۔سیٹلائٹ آئی کیوب قمر جمعہ کو2 بجکر 27 منٹ پر روانہ ہوا، جسے چینی میڈیا اور انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر براہ راست نشر کیا گیا۔مشن کی روانگی پر سپارکو میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، سپارکو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تالیوں سے گونج اٹھا، لوگوں نے نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔آئی کیوب قمر کو انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی ‘سپارکو’ کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔

آئی کیوب کیو آربیٹر دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ٹیسٹنگ اور قابلیت کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے کے بعد ‘آئی کیوب کیو’ کو ‘چینگ 6’ مشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی ڈاکٹرخرم خورشید نے بتایا کہ سیٹلائٹ چاند کے مدار پر 5 دن میں پہنچے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا، سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کے پاس تحقیق کے لیے چاند کی اپنی سیٹلائٹ تصاویر ہوں گی۔ڈاکٹرخرم خورشید نے کہا کہ سیٹلائٹ پاکستان کا ہے، ہم ہی اس کا ڈیٹا استعمال کریں گے لیکن چونکہ اسے چین کے نیٹ ورک کو استعمال چاند پر پہنچایا جارہا ہے اس لیے چینی سائنسدان بھی اس ڈیٹا کو استعمال کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیٹلائٹ 2 سال کے مختصر مدت کے اندر تیار کی گئی ہے۔

ڈاکٹر خرم خورشید نے بتایا کہ بھارت کے چندریان سے پاکستان کے مشن کا موازنہ کرنا مناسب نہیں ہوگا کیونکہ چندریاں بڑا مشن تھا جس نے چاند پر لینڈنگ کی تھی لیکن آئی کیوب قمر چاند کے مدار پر چکر لگائے گا، یہ ایک چھوٹی سیٹلائٹ ہے لیکن مستقبل میں بڑے مشن کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے یہ ابتدائی طور پر ایک چھوٹا پروجیکٹ ہے۔ڈاکٹر خرم خورشید نے بتایا کہ یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، یہ مشن 53 دن پر مشتمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس مشن میں چاند پر چکر لگانا، ٹیک آف کرنا اور واپس پہنچنا شامل ہے ، یہ 2 کلو گرام تک کا مادہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔دوسری جانب جنرل منیجر آئی ایس ٹی سید ثمر عباس نے بتایا کہ چاند کا موسم، زمین اور مقناطیسی میدان سے متعلق اس مشن سے اہم معلومات ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں چینی نیشنل اسپیس ایجنسی نے ایشیا پیسیفک اسپیس کارپوریشن آرگنائزیشن (ایپسکو) کے ذریعے رکن ممالک کو چاند کے مدار تک مفت پہنچنے کا منفرد موقع فراہم کیا تھا۔ثمر عباس نے بتایا کہ ایپسکو کی پیشکش پر رکن ممالک نے اپنے منصوبے بھیجے تھے، ایپسکو کے رکن ممالک میں پاکستان، بنگلا دیش، چین، ایران، پیرو، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور ترکی شامل ہیں۔پاکستان کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے بھی مجوزہ منصوبہ جمع کرایا تھا، 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا گیا، دو سال کی محنت کے بعد سیٹلائٹ ‘آئی کیوب قمر’ کو مکمل کیا جاسکا۔

چین کے چینگ 6 کے مشن کا مقصد چاند کی سطح سے نمونے اکٹھا کرنا ہے اور ان نمونوں کو پھر زمین پر واپس لایا جائے گا جہاں سائنسدان چاند کی ساخت، تاریخ اور تشکیل کے بارے میں مزید جاننے کے لیے تحقیق کریں گے،یہ مشن پاکستان کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی طرف سے تیاردہ کیوب سیٹ سیٹلائٹ ‘آئی کیوب کیو’ بھی موجود ہے۔سیٹلائٹ آئی کیوب کیو سیٹلائٹ چھوٹے سائز اور معیاری ڈیزائن کی وجہ سے جانے جاتے ہیں،کیوب سیٹس کیوبک شکل میں بنائے گئے ہیں اور ماڈیولر اجزاء سے بنے ہیں جو مخصوص سائز کے معیار پر عمل کرتے ہیں،ان سیٹلائٹس کا وزن اکثر چند کلو گرام سے زیادہ نہیں ہوتا اور انہیں مختلف مقاصد کے لیے خلا میں بھیجا جاتا تھا۔کیوب سیٹس کا بنیادی مقصد سائنسی تحقیق، تکنیکی ترقی اور خلائی تحقیق سے متعلق تعلیمی منصوبوں میں سہولت فراہم کرنا ہے،کیوب سیٹس کو مختلف مشنوں کے لیے استعمال کیا گیا ہے، جیسے کہ زمین کا مشاہدہ کرنا، ماحول کا مطالعہ کرنا، ریموٹ سینسنگ کرنا، مواصلات کی سہولت فراہم کرنا، اسے فلکیات اور نئی ٹیکنالوجیز کے مظاہرے کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply