0

شاہد آفریدی نے حسن علی کی شمولیت پر سوال اٹھا دیا

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف اسکواڈ میں فاسٹ بولر حسن علی کی شمولیت پر سوال اٹھا دیا ہے۔

مقامی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے تجربہ کار بیک اپ بولر کی ضرورت کو تسلیم کیا لیکن حسن علی کی حالیہ کارکردگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ نوجوان فاسٹ بولر زمان خان یا محمد علی بہترین آپشن ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ میں حسن علی کی سلیکشن سے قدرے حیران بھی ہوا، شاید سلیکشن کمیٹی نے سوچا کہ ہمیں ایک تجربہ کار بیک اپ بولر کی ضرورت ہے، لیکن اگر میں کارکردگی کی بات کروں تو مجھے حسن علی کی ایسی کوئی پرفارمنس نظر نہیں آتی، میں سوچ رہا تھا کہ زمان خان یا محمد علی کو منتخب کیا جاسکتا تھا۔

اسامہ میر کو ڈراپ کرنے کے فیصلے پر شاہد آفریدی نے کہا کہ اسامہ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے، سلیکشن کمیٹی کے لیے اسامہ کو ڈراپ کرنا ایک مشکل فیصلہ ہوگا۔

آفریدی کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے دیکھا ہوگا کہ شاداب، عماد اور افتخار بولنگ کرسکتے ہیں اور آغا سلمان بھی اسپن آپشن ہیں۔

واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی نے جمعرات کو آئرلینڈ اور انگلینڈ سے ٹی 20 سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں حارث رؤف، حسن علی اور سلمان علی آغا کی واپسی ہوئی جبکہ اسامہ میر اور زمان خان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply