بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آئی پی ایل کے درمیان فارغ لمحات میں اپنے چھوٹے بیٹے ابرام کے ساتھ کرکٹ کھیلنے اور شرارتیں کرنے کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہو گئیں۔
بھارت میں جاری آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈر کے شریک مالک بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان جو میچز دیکھنے اور اپنی ٹیم کی سپورٹ کے لیے اسٹیڈیم جاتے ہیں۔ انہوں نے فراغت کے دوران اپنے چھوٹے بیٹے ابرام کے ساتھ کرکٹ کھیلی جس کی تصاویر سوشل میدیا پر وائرل ہو گئیں۔
اداکار شاہ رخ خان اس بار اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے تمام میچز میں اپنے بیٹے ابرام کے ہمراہ شرکت کررہے ہیں جہاں ان کی دلچسپ تصاویر اور ویڈیوز نے مداحوں کی توجہ مبذول کرلی۔
تازہ تصاویر میں شاہ رخ خان اپنے بیٹے ابرام خان اور دیگر بچوں کے ساتھ گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آئی پی ایل میچز دیکھنے کے دوران اسٹیڈیم میں باپ اور بیٹے کے درمیان چھیڑ چھاڑ کی دلچسپ ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
ویڈیو کلپ میں شاہ رخ خان اپنے بیٹے ابرام کو آہستہ سے جھنجوڑتے ہوئے نظر آتے ہیں جس پر ابرام معصومانہ انداز میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے انگلی دِکھا کر ایسا انداز اختیار کرتا ہے جس سے لگتا ہے کہ وہ اپنے والد کو ڈانٹ رہا ہے۔
بالی ووڈ کنگ کی اپنے بچے کے ساتھ شرارتیں اور وقت گزارنے کو صارفین سراہ رہے ہیں۔