0

بنگلہ دیش میں اپریل کے دوران گرمی کا 76 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

بنگلہ دیش میں گزشتہ ماہ کے دوران گرمی کا 76 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ماہ اپریل1948کے بعد ریکارڈ پر گرم ترین رہا اوربنگلہ دیش سمیت جنوبی ایشیا کے کئی دیگر ممالک اب بھی ہیٹ ویو کا سامنا کر رہے ہیں۔

سائنسی تحقیق کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیاں ہیٹ ویوز کے دورانیے میں طوالت، ان کی شدت میں اضافے اور ان کے بار بار آنے کا سبب بن رہی ہیں۔

بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کے سینئر عہدیدار محمد ابوالکلام ملک کے مطابق اس سال ہیٹ ویو نے ملک کے 80 فیصد حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سے پہلے اتنی مسلسل اور شدید گرمی کی لہریں نہیں دیکھی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں 1948 میں درجہ حرارت اور موسمیاتی ریکارڈ مرتب کرنے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے گزشتہ ماہ سب سے گرم اپریل تھا۔

محمد ابوالکلام نے مزید کہا کہ اس سال بنگلہ دیش کے آس پاس کے موسمی اسٹیشنوں نے 2010 سے پہلے 30 سال کے عرصے کے دوران اپریل کا اوسط یومیہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں اوسطا روزانہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دو سے آٹھ ڈگری کے درمیان زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

بنگلہ دیش کے محکمہ صحت کے ترجمان سلیم ریحان نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ 10 دنوں میں ہیٹ سٹروک سے کم از کم 11 اموات کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کئی دنوں تک درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا ہے۔  اپریل میں یہاں اوسطا 130.2 ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن اس اپریل میں اوسطا ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply