عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبویؐ کے انتظامی امور کی نگران جنرل اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق نمازیوں اور زائرین کی خدمت اور دیکھ بھال کے لیے فول پروف سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اتھارٹی نے گذشتہ ہفتے کے دوران مسجد نبویؐ میں نمازیوں اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد زائرین نے روضہ رسولؐ اور اصحاب کبار کی آخری آرام گاہوں پر حاضری دی، تین لاکھ سے زائد مرد اور خواتین زائرین نے ہجوم کو منظم کرنے اور مردوں اور عورتوں کے آنے کے اوقات کے مطابق الروضہ شریف میں نوافل ادا کیے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران 13 ہزار 436معمر افراد اور معذور افراد نے مسجد نبوی ؐ میں اپنے لیے مختص کردہ خدمات سے استفادہ کیا اور متعدد زبانوں میں مواصلاتی خدمات سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد مختلف ممالک کے3 لاکھ سے زائد زائرین تک پہنچ گئی جب کہ 13 ہزار507افراد نے مسجد نبویؐ کی لائبریری سے استفادہ کیا۔
فیلڈ سروسز میں 3 لاکھ 16 ہزار سے زائد مستحقین کو مقامی رہنمائی کی خدمات فراہم کی گئی جبکہ مسجد نبویؐ کے صحن اور دروازوں کے درمیان نقل و حمل کی خدمات 69 ہزار سے زائد زائرین کو فراہم کی گئیں،ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد زمزم کے پانی کی بوتلیں فراہم کی گئیں۔
اس کے علاوہ 54 ہزار 216 روزہ دار زائرین میں افطاری کا سامان فراہم کیا گیا۔