ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا امریکی بیٹر لیجنڈ کرس گیل کے ہم پلہ بن گئے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا کے مڈل آرڈر بلے باز ایرون جونز کی دھواں دھار اننگ کی بدولت میزبان نے میگا ایونٹ میں کینیڈا کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے ایرون نے ایک ہی جست میں ویسٹ انڈین لیجنڈ کرکٹر کرس گیل کی برابری کر لی۔
کینیڈا کے خلاف ایرون جونز اس وقت کریز پر کھیلنے آئے جب 195 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں امریکا کی 42 رنز پر دو وکٹیں گر چکیں تھیں اور کپتان ماننک پٹیل بھی پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے اینڈریس گوس کے ساتھ مل کر 131 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کو فتح دلا کر 94 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ میدان سے واپس لوٹے۔
ایرون جونز نے 94 رنز کی شاندار اور دھماکا خیز اننگ صرف 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے کھیلی جس میں 3 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ اس طرح وہ لیجنڈ ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کے ہم پلہ ہو گئے۔
اس سے قبل صرف کرس گیل ایسے کرکٹر ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میچ کی کسی ایک اننگ میں 10 چھکے لگائے ہیں۔
ایرون جونز نے کینیڈا کے خلاف 40 گیندوں پر 94 رنز بنا کر دیگر ٹیموں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔