پیرس میں رواں سال ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے لیے انواع واقسام کے 500 سے زائد کھانوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں سال پیرس میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں شریک کھلاڑیوں اور دنیا بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کی تواضع کے لیے انواع واقسام کے 500 سے زائد کھانوں کی ریسیپیز تیار کر لی گئی ہیں۔
اولمپکس میں دنیا بھر کے مختلف خطوں سے کھلاڑی اور شائقین پیرس پہنچیں گے اس لیے کھانوں کی تیاری میں ہر ایک خطے کی پسند، روایات اور ذائقوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں 500 سے زائد کھانے تیار کرنے کے لیے سینکڑوں بین الاقوامی شیف کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو 15 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور 40 ہزار سے زائد شائقین کے لذت کام ودہن کے لیے بہترین کھانوں کی تیاری میں مصروف رہیں گے۔
روزانہ 120 اسپیشل ڈشز تیار کی جائیں گی جس میں ایک تہائی سبزی پر مشتمل کھانے ہوں گے۔
ایتھلیٹ کے ولیج میں ساڑھے تین ہزار افراد کی گنجائش والا ریسٹورینٹ بنایا جائے گا جہاں ایک ہزار ملازمین کھانا فراہم کرنے کی خدمات میں مصروف رہیں گے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 26 جولائی سے 11 اگست تک جاری رہے گا۔