اسلام آباد: پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید کا کہنا ہے کہ 3 مئی کو 12 بج کر 50 منٹ پرپاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پربھیجا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا جائے گا۔
ڈاکٹر خرم خورشید کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ آئی کیوب کی لانچ کو ویب سائٹ سے لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ چائنہ اور سپارکو کے اشتراک سے تیارکیا گیا ہے، چاند کی تصاویر بنانے کے لیے آئی کیوب قمر میں دو کیمرے نصب ہیں۔
ڈاکٹرخرم خورشید کا بتانا ہے کہ پاکستان کا سیٹلائٹ مشن چاند کے مدارکے چکر کاٹے گا اور یہ مشن سے لی جانے والی تصاویر تحقیقی مقاصد میں کام آئیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے مصنوعی سیارے کا وزن سات کلو ہوگا۔