ایم ڈی کیٹ میں مبینہ طور پر خفیہ بلیوٹوتھ ڈیوائسز استعمال کرنے کے الزام میں کرک سے 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایم ڈی کیٹ میں مبینہ طور پر بلیوٹوتھ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی جس پر کرک میں نجی ہاسٹل سے 8 افراد حراست میں لے کر خفیہ بلیوٹوتھ ڈیوائسز برآمد کر لی گئیں۔
ذرائع نے بتایاکہ ملزمان کرک سے بلوچستان میں بلیوٹوتھ سے ٹیسٹ حل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ملزمان نے کرک سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بلوچستان میں رجسٹرڈ ہونے کا کہا تھا جس پر امیدواروں نے خود وہاں رجسٹرڈ کروایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی اور بہتر انتظامات کے باعث ٹیسٹ پیپر آؤٹ نہیں کرسکتے تھے، ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر گزشتہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پیپر آؤٹ کرنے والے گینگ سے ہے، سکیورٹی اداروں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پہلے ہی ملزمان کا پتہ لگایا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیپر لیک اور بلیوٹوتھ کے استعمال پر گرفتار 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔