0

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا، نیویارک میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان پر پہنچ گئے

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کا کرکٹ شائقین کو شدت سے انتظار ہے بڑے میچ سے ایک ماہ قبل ہی نیویارک میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان پر پہنچ گئے ہیں۔

سنسنی خیز مقابلوں اور چوکوں، چھکوں کی برسات سے سجا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یکم جون سے ویسٹ انڈیزاور امریکا کی مشترکہ میزبان میں کھیلا جا رہا ہے جس کا شائقین کرکٹ بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

تاہم کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اس میگا ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے پاک بھارت ٹاکرے کی شدت سے منتظر ہے جو 9 جون کو امریکی شہر نیویارک میں شیڈول ہے اور اس کے انعقاد کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔

ایک جانب جہاں آئی سی سی اس بڑے مقابلے کی بڑی تیاریوں میں مصروف ہے تو دوسری جانب شائقین کرکٹ کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے نیویارک میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔

روایتی حریفوں کے درمیان میچ سے قبل نیویارک کی ہوٹلوں میں 600 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور جوں جوں اس مقابلے کے دن قریب آئیں گے یہ قیمتیں مزید اونچی اڑان اڑتی نظر آئیں گی۔

نیویارک جہاں ہوٹل کا ایک کمرہ 113 امریکی ڈالر میں دستیاب تھا۔ اب ہوٹل مالکان اسی کمرے کے منہ مانگے کرائے وصول کر رہے ہیں اور ایک دن کا کرایہ 799 ڈالر تک طلب کیا جا رہا ہے۔

صرف ہوٹلز ہی نہیں بلکہ نیویارک میں دیگر رہائشی سہولتوں سمیت میچ کے ٹکٹ اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply