پاکستان ٹیم رواں ماہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہو رہی ہے جہاں سے وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مہم پر جائے گی گرین شرٹس نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل رواں ماہ پہلے آئرلینڈ اور پھر انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ بالترتیب تین اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی جس کے بعد گرین شرٹس امریکا اور ویسٹ انڈیز کے لیے اڑان بھریں گے جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا یکم جون سے آغاز ہوگا۔
بڑے مشن سے قبل آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کی تیاریوں کے لیے لاہور میں تین روزہ تربیتی کیمپ لگایا گیا ہے جہاں پہلے روز کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی۔
کھلاڑیوں نے پہلے روز فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ ڈرلز کے ساتھ بیٹنگ اور بولنگ کی بھی بھرپور مشقیں کی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑی پر عزم ہیں۔ سینئر آل راؤنڈر عماد وسیم کہتے ہیں کہ بابر اعظم کی قیادت میں ایک ٹائٹل تو جیتنا بنتا ہے۔ نسیم شاہ، فخر زمان اور افتخار احمد بھی پرجوش ہیں۔
اس حوالے سے کھلاڑیوں کی وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے ورچوئل میٹنگ بھی ہوئی۔
قومی ٹیم منگل کو آئرلینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز جمعہ 10 مئی سے ہوگا۔ گرین شرٹس انگلینڈ کے خلاف 22 مئی سے سیریز کھیلیں گے۔
پاکستان ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف میچ سے کرے گی جب کہ میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں کے درمیان پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔