0

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے سازگار ماحول ہے، صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دے دی۔

صدر مملکت سے آکسفورڈ گریجویٹس پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ اس دوران عارف علوی نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں بہتر کاروباری ماحول سے مستفید ہوں، بین الاقوامی سرمایہ کار اور کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کریں، پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جس کے حجم میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان برآمدات بڑھانے اور مصنوعات کیلیے نئی منڈیوں کی تلاش پر توجہ دے رہا ہے، سرمایہ کاری کیلیے یہاں ماحول سازگار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں کاروبار کرنے میں آسانی کی درجہ بندی میں بہتری آئی، غیر ملکی سرمایہ کار مختلف شعبوں بالخصوص آئی ٹی میں مواقع تلاش کریں، ون ونڈو سہولت فراہم کرنے کیلیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے خصوصی اقتصادی اور ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کریں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے پیش کردہ ٹیکس مراعات سے فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان کے پاس تربیت یافتہ انسانی وسائل دستیاب ہیں۔

’سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کی سرمایہ کاری حتمی مراحل میں ہے‘

قبل ازیں، نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) ڈاکٹر جہانزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی سرمایہ کاری حتمی مراحل میں ہے۔

ڈاکٹر جہانزیب نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث سرمایہ کاری شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت 70 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے پلینز ہیں، سرمایہ کاری کے تحفظ کیلیے ایس آئی ایف سی میں انویسٹمنٹ ٹرائبیونل بھی بنا رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ آئی ایم ایف کو واضح کیا ایس آئی ایف سی کسی غیر ملکی سرمایہ کار کمپنی کو ترجیحی مراعات نہیں دے گی، آئی ایم ایف کے سرمایہ کاری میں شفافیت اور احتساب کے نقطہ نظر کو سپورٹ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کو کلین رکھنا چاہتے ہیں، ریکوڈک میں شیئرز کی درست ویلیو کیلیے عالمی مشیران سے مشاورت کر رہے ہیں۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply