0

’ہم اپنی زمین پر ہی رہیں گے‘ حماس کا اسرائیلی وزیر کو جواب

حماس کے ترجمان اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کے فلسطینیوں کی نقل مکانی کے بارے میں تبصرے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین پر ٹھہرے ہوئے ہیں اور ہم یہاں رہنے کے لیے ہیں۔

سموٹریچ نے کہا تھا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی “رضاکارانہ نقل مکانی” محصور علاقے اور خطے کے لیے “صحیح انسانی حل” ہے۔

حمدان نے یہ بھی کہا کہ نیتن یاہو کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ اسرائیلی اسیران فضائی حملوں میں مارے جا رہے ہیں اور یہ جنگ ان کی قانونی پریشانیوں سے توجہ ہٹانے کا ذاتی مشن ہے۔

واضح رہے کے اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کے باوجود غزہ کے غیور شہریوں نے گھروں کو چھوڑنے سے منع کر دیا تھا تاہم غزہ میں زمینی کارروائی کے اعلان پر اسرائیلی فوج نے عوام کو نقل مکانی پر مجبور کیا جو شمالی غزہ سے جنوبی علاقوں کی طرف پناہ لیے ہوئے ہیں۔

بیروت میں حماس کے نمائندے نے کہا کہ ابھی لڑائی کے ابتدائی دن ہیں اور اگلا مرحلہ بڑا اور شدید ہے۔

مصر نے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے بارے میں سموٹریچ کے تبصروں کی مذمت کی ہے۔ مصری وزیر خارجہ نے غزہ سے باہر فلسطینیوں کی نقل مکانی کے بارے میں اسرائیلی وزیر خزانہ کے تبصرے کو مسترد کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ سامح شکری نے کہا کہ فلسطینیوں کی “رضاکارانہ نقل مکانی” کے بارے میں بیزلیل سموٹریچ کا بیان “اسرائیلی حکومت کی پالیسی کا اظہار ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے”۔

انہوں نے انہیں اسرائیل میں “سرکاری اہلکاروں سے منسوب غیر ذمہ دارانہ بیانات” کے سلسلے کا حصہ قرار دیا۔

مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی سے باہر فلسطینیوں کی نقل مکانی کو جواز فراہم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی کسی بھی کوشش کو مصر اور بین الاقوامی سطح پر مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply