انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی کونسل کا اجلاس آج ہو گا ، جس میں اے این پی کی مرکزی کابینہ کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی الیکشن کمیشن میاں افتخار حسین کریں گے ،اجلاس میں ملک بھر سے مرکزی کونسل کے اراکین اور ذمہ داران شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ایمل ولی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے پارٹی کی صدارت کے لیے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ جس کی وجہ سے ایمل ولی خان کا عوامی نیشنل پارٹی کا صدر منتخب ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اے این پی کے دیگر عہدوں کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات آج ہوں گے۔
اس سے قبل گزشتہ روز سابق سینیٹر زاہد خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اے این پی کی صوبائی کونسل کے اجلاس میں پارٹی کی نئی کابینہ تشکیل دی گئی تھی۔